عالمی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے امریکا میں مزید 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا ہے، جو کمپنی کے نئے "امریکن مینوفیکچرنگ پروگرام” کا حصہ ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ایپل کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور سپلائی چین کو امریکا منتقل کرنا ہے۔
ایپل کے سی ای او ٹِم کُک کے مطابق یہ سرمایہ کاری فروری 2025 میں اعلان کردہ 500 ارب ڈالر کے علاوہ ہے، جس کے بعد کمپنی کی مجموعی سرمایہ کاری اگلے چار سال میں 600 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ٹِم کُک نے بتایا کہ اس منصوبے سے لاکھوں ملازمتیں پیدا ہوں گی، امریکی ٹیکنالوجی شعبہ مزید خود کفیل ہو گا، اور مینوفیکچرنگ کے لیے نئی فیکٹریاں، سپلائرز اور ٹیکنالوجی ہبز قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایپل امریکی معیشت کے ساتھ اپنے مضبوط تعلق کو برقرار رکھتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری جاری رکھے گا۔
